جنوبی کوریا میں بچوں کے امتحان کے لیے پروازیں معطل

فائل فوٹو
دنیا بھر میں طلبہ امتحانات کے دوران ٹریفک کے شور اور دیگر رکاوٹوں کی شکایت کرتے نظر آتے ہیں لیکن جنوبی کوریا میں نوجوانوں کے مستقبل کے ایک امتحان کی خاطر پورے ملک کا پہیہ روک دیا گیا۔
جنوبی کوریا کے سالانہ یونیورسٹی انٹری ٹیسٹ ’’سوننگ‘‘ کے دوران ایک ایسا ہی حیران کن منظر دیکھنے میں آیا جب 35 منٹ کیلئے ملک بھر کی فضائی ٹریفک معطل کردی گئی۔ انگریزی کے ٹیسٹ کے لیے آسمان خالی کرا لیا گیا۔
امتحان کے دوران دوپہر 1:05 بجے سے 1:40 بجے تک انگریزی سننے کی صلاحیت کا پیپر لیا گیا۔ چونکہ اس ٹیسٹ میں اسپیکر کے ذریعے چلائی جانے والی آڈیو سن کر سوالات حل کرنے ہوتے ہیں اس لیے حکومت نے حکم جاری کیا کہ اس دوران کوئی بھی ہوائی جہاز زمین کے قریب پرواز نہ کرے تاکہ انجن کے شور سے طلبہ کی توجہ متاثر نہ ہو۔
فضائی ٹریفک کی عالمی ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے نقشے پر یہ منظر واضح طور پر دیکھا گیا کہ کیسے مقررہ 35 منٹ کے دوران جنوبی کوریا کی فضائی حدود جہازوں سے خالی ہوگئیں۔
ملک بھر کے تمام ہوائی اڈوں پر پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف مکمل طور پر روک دی گئی۔ جو جہاز پہلے سے فضا میں موجود تھے، انہیں زمین سے کم از کم 3 کلومیٹر (تقریباً 10,000 فٹ) کی بلندی پر رہنے کی ہدایت کی گئی۔
اس اقدام کی وجہ سے درجنوں ملکی و غیر ملکی پروازوں کے اوقات کار میں ردوبدل کرنا پڑا۔
جنوبی کوریا میں اس 8 گھنٹے طویل امتحان کو کسی قومی ایمرجنسی کی طرح لیا جاتا ہے اور اس دن شہری زندگی معمول سے ہٹ کر چلتی ہے۔
طلبہ کو صبح کے وقت ٹریفک جام سے بچانے کے لیے سرکاری دفاتر، بینک اور یہاں تک کہ اسٹاک مارکیٹ بھی معمول سے ایک گھنٹہ تاخیر سے کھولی گئی۔ امتحانی مراکز تک پہنچنے میں تاخیر کا شکار ہونے والے طلبہ کو بروقت پہنچانے کے لیے پولیس کی خصوصی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سڑکوں پر تعینات رہیں۔
امتحانی مراکز کے اطراف تعمیراتی کام روک دیا گیا، ٹرینوں کی رفتار کم کر دی گئی اور ڈرائیوروں کو ہارن بجانے سے سختی سے منع کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق جنوبی کوریا میں یہ امتحان محض ایک تعلیمی مرحلہ نہیں بلکہ طلبہ کی آئندہ زندگی، بہترین یونیورسٹی میں داخلے اور اچھے روزگار کی ضمانت سمجھا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پورا معاشرہ اس دن طلبہ کو پُرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے متحد ہو جاتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ