اتوار 21؍ذیقعد 1444ھ11؍جون 2023ء

4 ارب ڈالرز کے کنٹینرز پورٹ پر کھڑے ہیں: ظفر پراچہ

جنرل سیکریٹری ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان ظفر پراچہ کا کہنا ہے کہ 4 ارب ڈالرز کے کنٹینرز پورٹ پر کھڑے ہیں، وہ کلیئر کیے جائیں۔

لاہور میں فارن ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا جس میں خطاب کرتے ہوئے ظفر پراچہ نے کہا کہ جب بازار میں ڈالر 310 روپے کا فروخت ہو گا تو کون انٹر بینک آئے گا؟

ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر علاؤالدین شیخ، ملک بوستان اور دیگر نے ڈالر کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا۔

علاؤالدین شیخ نے کہا کہ ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے کریڈٹ کارڈ سے ادائیگیاں کی جائیں، سیر و تفریح پر جانے والوں کو انٹر بینک سے سستا ڈالر نہ دیں۔

ایکس چینج کمپنیز ایسوسی ایشن نے ڈالر ریٹ کیپ ختم کرکے اوپن مارکیٹ سے خریداری کےلیے ریٹ 253 روپے کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر ایمنسٹی لائیں، اس سے 5 سے 10 ارب ڈالرز فوری مارکیٹ میں آ سکتا ہے، وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار ہمارے ساتھ بیٹھ کر پالیسی بنائیں۔

فارن ایکسچینج کمپنی کے صدر علاؤالدین کا کہنا ہے کہ حکومتی غلط فیصلوں سے ہنڈی حوالہ کو ترغیب ملی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ملک بوستان نے کہا کہ اس وقت بھی افغانستان کو ڈالر کی اسمگلنگ جاری ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فارن ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کی تجاویز پر فوری عمل کیا جائے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.