جمعرات 18؍ربیع الاول 1445ھ5؍اکتوبر 2023ء

21 اکتوبر کو پاکستان کی خوشحالی واپس آ رہی ہے: مریم نواز

مسلم لیگ ن کی نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز کا اپنے والد، سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق کہنا ہے کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کی خوش حالی واپس آ رہی ہے۔

چیف آرگنائزر مریم نواز کی زیرِ صدارت ن لیگ اقلیتی ونگ کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں مسیحی، سکھ اور ہندو برادری کے نمائندوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے آ رہے ہیں، 21 اکتوبر کو پاکستان کے اچھے دِن واپس آ رہے ہیں، اِن شاء اللّٰہ 21 اکتوبر کو مہنگائی میں کمی واپس آ رہی ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2013ء سے 2018ء تک نوازشریف دور میں مہنگائی کنٹرول میں رہی، نوازشریف کو نکالا تو ملک سے ترقی اور خوش حالی بھی نکل گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کو اقتدار سے نکالا تو ملک سے امن و سکون بھی نکل گیا۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ تحریکِ پاکستان میں اقلیتوں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، آج پاکستان کی اقلیتوں کے خوبصورت رنگ یہاں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے، کوئی اقلیت کوئی اکثریت نہیں، ہم سب پاکستانی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے صدر، سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی سب سے کم ترین جبکہ ترقی تاریخ کی بلند ترین شرح پر تھی، نواز شریف معاشی مشکلات کے حل کا ایجنڈا دیں گے۔

مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسیحی برادری کو جس طرح گھروں سے باہر رہنا پڑا وہ ہم سب کے لیے انتہائی قابل افسوس اور باعث شرم ہے، سانحہ جڑانوالہ نے ہمارے سر شرم سے جھکا دیے، افسوس ہے کہ اتنی بڑی مسیحی برادری کو تحفظ نہیں دیا جا سکا، سانحہ جڑانوالہ پر مسیحی اور اقلیتی برادری کو جو تکلیف پہنچی اس پر پاکستانیوں کی طرف سے معذرت کرتی ہوں۔

انہوں نے خطاب کے دوران مزید کہا کہ قائد محمد نواز شریف نے اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ یک جہتی کی، نواز شریف کرسمس والے دن پیدا ہوئے، اقلیتوں کے احترام اور یک جہتی والا جذبہ لے کر بڑی ہوئی ہوں، ڈویژنل سطح پر اقلیتی ونگ کے کنونشز انتہائی متاثر کن اور قابلِ تعریف تھے، اقلیتیں 21 اکتوبر کو بھرپور انداز میں قائد نواز شریف کا استقبال کریں گی۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ مینارِ پاکستان پر مل کر پاکستان کی ترقی کا عہد کریں گے، پاکستان کے نوجوانوں کو مذموم مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا، آگ اور خون کی ندیاں بہائی گئیں، اللّٰہ تعالی کے فضل سے تمام سازشی کردار اپنے انجام کو پہنچ چکے ہیں، سب کچھ بھلا کر پاکستان کی ترقی پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.