بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

12 ربیع الاول: درود و سلام کی صدائیں، جلوس رواں دواں

ملک کے مختلف شہروں میں محبوبِ خدا حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا دن انتہائی عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، چھوٹے بڑے شہروں میں آج جلوس نکالے جا رہے ہیں، نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔

گزشتہ شب شہر شہر گلی گلی چراغاں کیا گیا، مسجدوں، گھروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا، نعتوں کی محفلیں منعقد کی گئیں، درود و سلام کی صدائیں ہر سو گونجتی رہیں، لنگر، آبِ زم زم اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

دن کے آغاز پر وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی دی گئی۔

کراچی میں 40 سے زائد علاقوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے جا رہے ہیں، جو جشنِ میلاد کے مرکزی جلوس کا حصہ بننے کے لیے اپنے راستوں پر گامزن ہیں۔

نمازِ ظہر کے بعد 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوگا اور اس وقت جلوس کی گزرگاہوں کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔

12 ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی گزر گاہ پر سیکیورٹی کے انتظامات کے تحت ایم اے جناح روڈ کی طرف آنے والے راستوں پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں۔

شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

شہرِ قائد میں موبائل فون سروس گزشتہ روز بھی بند رہی تھی۔

راولپنڈی میں بھی جشنِ عید میلاد النبیﷺ کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ 

شہریوں نے شاہراہوں، مساجد، عمارتوں اور کاروباری مراکز کو برقی قمقموں اور جھنڈیوں سے سجایا ہے۔

راولپنڈی میں 12ربیع الاول کے مرکزی جلوس کا آغاز جامع مسجد روڈ سے ہوگیا۔

جلوس وارث خان، مری روڈ، کمیٹی چوک، بوہڑ بازار، باڑہ بازار، فوارہ چوک سے ڈنگی کھوئی پہنچے گا۔

جلوس ڈنگی کھوئی سے جامع مسجد روڈ اور رات گئے دوبارہ مرکزی جامع مسجد پہنچ کر ختم ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت کے ہر دکھ کا مداوا رحمتِ دو جہاںؐ کی کامل تابعداری میں پنہاں ہے۔

جلوس کی سیکیورٹی پر 2700 ضلعی پولیس کے اہلکار فرائض سر انجام دیں گے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سٹی ٹریفک پولیس کے 513 اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

راولپنڈی میں جلوس کے روٹ پر نعت خوانی کے لیے اسٹیج بھی بنائے گئے ہیں، جہاں ثناء خوان بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کریں گے۔

شہری کہتے ہیں کہ 12 ربیع الاول عقیدت و احترام کا دن ہے، جشن عیدِ میلادالنبی ﷺ بھرپور طریقے سے منائیں گے۔

آج پنجاب میں 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں کے روٹس پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔

جشنِ عیدِ میلادالنبی ﷺ کے موقع پر کوئٹہ میں بھی صبح 8 سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں  12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس اور ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔

بدین میں جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر محلوں، بازاروں، عمارتوں اور مساجد کو سجایا گیا ہے، ایک مذہبی جماعت نے شاہنواز چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔

جیکب آباد میں جشنِ عید میلاد النبیﷺ کا مرکزی جلوس جامع مسجد پیر بخاری سے بر آمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا ٹھٹھہ مسجد پر اختتام پزیر ہوگا۔

جلوسوں کی گزرگاہوں پر دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔

کندھ کوٹ میں جشنِ عید میلاد النبی کے موقع پر 10جلوس برآمد ہوئے جبکہ میرپور ساکرو میں سمندر میں کشتیوں پر محفل میلاد اور نعت خوانی کی گئی۔

ادھر بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بھی 12 ربیع الاول کے سلسلے میں جلوس اور ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

جشنِ عید میلاد النبیﷺ پر دالبندین ریلوے مسجد سے جلوس برآمد ہوگیا جو مرکزی ریلوے مسجد پہنچ کرختم ہوگا۔

وندر، اوتھل، لاکھڑا اور بیلہ میں بھی جلوس اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جبکہ ساحلی علاقے ڈام بندر میں کشتی ریلی نکالی گئی۔

ننکانہ صاحب میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس مسجدِ اقصیٰ سے برآمد ہو گیا جو میلاد چوک پہنچ کر ختم ہو گا۔

گوردوارہ جنم استھان کے سامنے سکھ سنگت نے جلوس کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سکھ رہنماؤں نے جلوس کےشرکاء پر گُل پاشی بھی کی۔

گوجرانوالہ میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 100 من کھیر کی دیگ پکائی گئی۔

منڈی بہاءالدین میں 12 ربیع الاول کی مناسبت سے عاشقانِ رسول میں تقسیم کرنے کے لیے ڈیڑھ سو من شربت تیار کیا گیا۔

آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھی 12 ربیع الاول کے موقع پر مختلف علاقوں سے ریلیاں مرکزی جلوس کی جانب گامزن ہیں۔

مرکزی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اپر اڈا لال چوک پہنچ کر ختم ہو گا۔

جشنِ عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں نعت خوانی اور درود و سلام کی محافل کا انعقاد گزشتہ روز بھی جاری رہا۔

گھروں اور مساجد میں حضرت محمد ﷺ پر درود و سلام اور نعت خوانی کی  محافل کا سلسلہ بھی جاری رہا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.