اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

یومِ یکجہتیٔ کشمیر پر وزرائے اعلیٰ، وزراء، سیاسی رہنماؤں کے پیغامات

یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر مختلف صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزاراء اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔

یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دیا جائے۔

امیرِ جماعتِ اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ اپنی مکمل وابستگی اور حمایت کا عزم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیریوں کا عزمِ آزادی متزلزل نہیں ہوا، دنیا کشمیریوں سے کیا گیا استصوابِ رائے کا وعدہ پورا کرے۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے یومِ یک جہتیٔ کشمیر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری حق خودارادیت کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہائیوں بعد کرکٹ کی واپسی ہو رہی ہے، آج کا کر کٹ میچ اپنے بہادر کشمیری بھائیوں کے نام کرتے ہیں۔

وزیرِ بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کے لیے دشمن ملک سرگرم ہیں۔

ان کا کہنا  ہے کہ ملک دشمن ایجنڈے پاکستان کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتے۔

ناصر حسین شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ سب پاکستانی آج کشمیر کی بات کریں، ہماری فورسز دہشت گردی کا منہ توڑجواب دے رہی ہیں۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمد اعظم نے یومِ یک جہتیٔ کشمیر کے موقع پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی، سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 75 سال سے بھارت نے کشمیر پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری عوام 7 دہائیوں سے جدوجہد کر رہے ہیں، ریاستی جبر و تشدد سے آزادی کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، کشمیری عوام نے بنیادی حق کے حصول کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

محمد اعظم خان نے یہ بھی کہا ہے کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پُرامن حل سے وابستہ ہے، اقوامِ متحدہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے، آزادی کے حصول تک اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.