سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن لڑنے کی خبر کو دلچسپ قرار دیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں سہیل وڑائچ نے کہا کہ یہ اقدام صرف اپوزیشن اتحاد کا امیدوار نامزد ہونا نہیں ہے، یہ پی ڈی ایم کی جانب سے اپنے زور بازو آزمانے جیسا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی سیٹ پر اپوزیشن اور حکومت مدمقابل ہوں گے، یہ بالکل ایسے ہوگا جیسا تحریک عدم اعتماد میں ہوتا ہے۔
سینئر تجزیہ کار نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں بھی پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور حکومت اپنے اپنے نمبر بڑھانے پر زور لگاتے ہیں، ویسا ہی اسلام آباد کی اس سیٹ پر ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بارسوخ انسان ہیں، اُن کا خاندان سیاسی طور پرجانا پہچانا ہے، پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتوں میںبھی اُن کی بات ماننے والے ہیں۔
سہیل وڑائچ نے کہا کہ سینیٹ کی اس نشست کے لیے اگر یوسف رضا گیلانی نے جان لگائی اور اپنے تمام روابط بروئے کار لائے اور حکومت کے ناراض بااثر عناصر میدان میں اتر گئے تو وہ پی ٹی آئی امیدوار کو ٹف ٹائم دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اس سیٹ پر سابق وزیراعظم کو اتار کر دراصل یہ ٹیسٹ کرنے کی کوشش کی ہے کہ تحریک عدم اعتماد کےنتائج کیا ہوسکتے ہیں؟ کیوں کہ اپوزیشن کا اگلہ مرحلہ یہی ہے۔
سینئر صحافی و تجزیہ کار نے کہا کہ اسلام آباد کی سینیٹ کی سیٹ پر اگر اس وقت 13 ووٹوں کا فرق ہے، اگر یہ کم ہوجاتا ہے یا پھر یوسف رضا گیلانی جیتنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو یہ عمل حکومت کے لیے نوکانفیڈنس ہی ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہی وہ بات ہے جس نے اس سیٹ کے الیکشن کو دلچسپ بنادیا ہے اور اس کے لیے گہماگہمی بھی ویسی ہوگی جیسی تحریک عدم اعتماد کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ہوتی ہے۔
Comments are closed.