خیبر پختون خوا کے ضلع ہنگو کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 33 کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ جاری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
اس حلقے میں 3 لاکھ 14 ہزار 77 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
ضمنی انتخاب میں 5 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، جن میں تحریکِ انصاف کے ڈاکٹر ندیم خیال، جمعیت علمائے اسلام کے مفتی عبید اللّٰہ، اے این پی کے سعید عمر اور 2 آزاد امید وار عتیق احمد اور محمد سعید شامل ہیں۔
یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے حاجی خیال کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ الیکشن کمیشن میں مرکزی کنٹرول روم سے پولنگ کے عمل کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، اسپیشل سیکریٹری پشاور کنٹرول روم سے نگرانی کر رہے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے یہ بھی بتایا ہے کہ ضمنی انتخاب کے لیے اس حلقے میں 210 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ووٹر بلا خوف و خطر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔
Comments are closed.