جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ہمیں مینڈیٹ ملا تو کراچی کو سنوار دیں گے، مصطفیٰ کمال

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہمیں مینڈیٹ ملا تو کراچی کو سنوار دیں گے۔

قصبہ کالونی میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے وقت میں کراچی کا شمار دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی دنیا کے 4 بدترین شہروں میں شمار ہوتا ہے، جس میں گٹر کے ڈھکن نہ ہونے کے باعث بچے مر رہے ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ کراچی کو فلسطین سے بد تر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج ہمارا دشمن بھی یہ کہتا ہے شہر اگر پہلے کسی کے دور میں بنا ہمارے دور میں بنا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پچھلے ایک سال سے مضبوط اور متحد ہے، ہم کسی کو بھی الیکشن اور ووٹ چھیننے نہیں دیں گے، اپنی 2013ء والی پوزیشن واپس لیں گے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں اگر مینڈیٹ ملا اس شہر کو سنوار دیں گے، پیپلز پارٹی کا ایک ہی آسرا ہے، لندن سے کوئی بائیکاٹ کرے گا، مہاجر ایم کیو ایم کو ووٹ نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قصبہ علی گڑھ کے لوگوں نے آج ہی ایم کیو ایم کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی والے پریشان ہیں۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کہنا چاہتا ہوں 1993 میں بھی تمہاری حکومت تھی، تم ہمارے خلاف آپریشن کرتے تھے اور نوجوانوں کو مارتے تھے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نفرت بیچنے والے لوگ نہیں ہیں، پیپلز پارٹی کو ووٹوں کی بھیک مانگنے کے لیے ہمارے دروازے پر آنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ایم کیو ایم لیاری، سہراب گوٹھ، کیماڑی اور بنارس کی ہے، اس شہر میں اب کسی کی لڑائی نہیں ہو رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.