وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ ہماری کوئی ڈیل نہیں چل رہی نہ ہم ڈیل پر یقین رکھتے ہیں، ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم میں ہر ایک اپنے مفادات لے کر چل رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ نون اپنی لیڈر شپ کو کلین چٹ دینے کیلئے یہ سب کر رہی ہے، پی ڈی ایم کی ہر جماعت کا اپنا ایجنڈا ہے، ہم سینیٹ الیکشن شفاف طریقے سے کرنےکی بات کر رہےہیں، دوسری طرف مخالفت ہورہی ہے۔
شبلی فراز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیوڈ روز کا معاملے پر شہزاد اکبر روشنی ڈالیں گے، اپوزیشن کی عادت ہے کہ بات کو سمجھنے سے پہلے مٹھائیاں بانٹتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پہلی پیشی پر عدالت میں فیصلہ نہیں ہوتا، ڈیلی میل سے متعلق تو ابھی ایشو فریم ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میثاق جمہوریت میں انہوں نے واضح کہا تھا کہ شو آف ہینڈ کی حمایت کریں گے، ان کا ایمان پیسوں پر ہے اور پیسوں سے ہی انہوں نے لوگوں کو خریدا ہے، جو الیکشن سسٹم میں شفافیت نہیں چاہتے یہ ان کیلئے امتحان ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کو مکمل شفافیت سے کرانا چاہتے ہیں ، مخالفت کرنیوالے پیسے کے ذریعہ سیاست کرنا چاہتے ہیں، وزیراعظم نے بہت پہلے کہا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں خرید و فروخت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی میں بل لے آئے ہیں ، مخالفت کرنیوالے نظر آ جائیں گے، ان کی بہت سی تاریخیں گزر گئی ہیں، آگے بھی گزر جائیں گی، پی ٹی آئی نے اسی خرید و فروخت کے معاملے پر اپنے 20 ارکان کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔
شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے اتحادی ہمیں سپورٹ کرتے ہیں، کچھ دنوں میں سینیٹ میں بھی ہمارے نمبر آجائیں گے۔
Comments are closed.