یوسف رضا گیلانی کے وزیراعظم کو ووٹ کے لیے خط پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی صاحب شرم سے ڈوبیں نہ بھی تو شترمرغ کی طرح ریت میں سر تو دبائیں۔
وفاقی وزیر علی زیدی نے ٹوئٹر پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ گیلانی صاحب نِسیان میں مبتلا ہیں تو یاد دلائے دیتے ہیں۔
علی زیدی نے کہا کہ گیلانی نے اپنے آقا سے 60 ارب ڈالر واپس لینے کے لیے سوئس حکام کو خط نہیں لکھا۔
اُنہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کاحکم نہ ماننے پر گیلانی نے عدالت سے نااہلی کا پروانہ حاصل کیا۔
علی زیدی نے یہ بھی کہا کہ موصوف نے سیلاب زدگان کے لیے عطیہ شدہ قیمتی ہار دبانے کی کوشش کی۔
وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ سیاہ کاریوں کی یہ فہرست دراز سے دراز تر ہے۔
واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سینیٹ الیکشن میں متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیراعظم عمران خان سے بھی حمایت کا ووٹ مانگ لیا۔
یوسف رضا گیلانی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ وہ 3 مارچ کے سینیٹ الیکشن کے لیے انہیں ووٹ دیں، آج کیے گئے فیصلے مستقبل کی سمت طے کریں گے۔
سابق وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا، 1985ء سے پارلیمان کا حصہ ہوں، 4 دہائیوں کا سیاسی سفر سب کے سامنے ہے۔
گیلانی کا ارکان قومی اسمبلی کے لیے لکھا گیا خط وزیراعظم عمران خان کو بھی بھجوا دیا گیا ہے۔
Comments are closed.