بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا وائرس کی تیسری لہر، خیبر پختونخوا میں بھی پابندیاں عائد

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کی وباء کی تیسری لہر کے پیش نظر پابندیاں عائد کر دی گئیں، انتظامیہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پشاور، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، سوات، صوابی اور ملاکنڈ میں مارکیٹیں 8 بجے بند کر دی جائیں۔

حکم نامے کے مطابق ادویات، بیکری، کریانہ اور دیگر ضروری اشیاء کی دکانیں کھلی رہیں گی،جبکہ صوبے میں شادی ہالز اور ریسٹورنٹس میں تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔

کورونا وائرس وباء کی تیسری لہر کے باعث اسلام آباد کے تین سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے،ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار سے 35 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔

اس کے علاوہ شادی کی تقریبات کھلے مقامات پر کی جاسکیں گی، کھلے مقامات پر تقریبات میں 300 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صوبے میں ہر قسم کے ثقافتی پروگرامز اور کھیلوں کے انعقاد پر پابندی ہوگی، جبکہ مزارات اور سینما گھر بند رہیں گے، پبلک پارکس کو بھی شام 6 بجے بند کر دیا جائے گا۔

انتظامیہ کے حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ حفاظتی ماسک اور سماجی فاصلے پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، صوبہ بھر میں ریسٹورینٹ کے اندر کھانا کھانے پر پابندی عائد ہوگی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شرح 5 اعشاریہ ایک فیصد رہی ،مزید 2ہزار 253افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مزید 29 افراد اس وباء سے انتقال کر گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 29 افراد انتقال کرگئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا کے 2 ہزار 253 نئے مریض سامنے آئے ہیں، 14 مارچ کو 44 ہزار سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 5اعشاریہ 1 فیصد رہی۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہزار104ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 2 ہزار 159ہو گئیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.