بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کشمیر کے عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی، چوہدری محمد سرور

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کشمیر کے عوام کی منزل پاکستان ہے اور پاکستان ہی رہے گی۔

چوہدری محمد سرور سے صدر تحر یک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔

اس دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان مسئلہ کشمیر، پارٹی اور سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز پر بات کی گئی۔

چوہدری محمد سرور نے بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات کے دوران اپنے بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی سیاسی، مذہبی جماعتیں، سب ایک پیج پر ہیں، مودی پاکستان دشمن دہشت گرد تنظیموں کاسرغنہ بن چکا ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی اداروں کی خاموشی بھی جرم ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن خواب کے سوا کچھ نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر ان کامقدمہ لڑ رہے ہیں۔

گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر آج تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے، مودی باہر سے لوگوں کو آباد کر کے کشمیریوں کی اکثریت ختم کر رہا ہے، بھارتی فوجی پیلٹ گن سے کشمیریوں کی بینائی ختم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری امن اور آزادی چاہتے ہیں، بھارت دہشت گردی کا حامی ہے۔

دوسری جانب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کے دوران بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ انشاء اللّٰہ ایک دن کشمیر ضرور بنے گا پاکستان، کشمیر ی اور پاکستانی ایک دوسرے سے دور ہونے کا سوچ بھی نہیں سکتے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.