اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

کشمیر کی وادی بےگناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہوگئی ہے، وزیراعظم

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر کی وادی بے گناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام اور حکومتوں نے ہمیشہ کشمیریوں کو سپورٹ کیا، تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر بھارت یقیناً پریشان ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مودی نے 2019 میں کشمیر کے اسپیشل اسٹیٹس کو بھی چھین لیا، 75 سال میں کشمیر میں لاکھوں مسلمان شہید کیے گئے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کو اسمبلی آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت نے ملاقات کی جس کے دوران گفتگو میں انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کا آج مظفر آباد میں کشمیر کاز کے لیے اکٹھے ہونا خوش آئند ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے یو این کی جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے پردہ اٹھایا ، سات دہائیوں سے بھارت کشمیر میں مظالم کی داستان رقم کر رہا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا بھارتی مظالم کشمیریوں کا جذبہ حقِ خود ارادیت ماند نہیں کر سکے، ہم اسی طرح قومی ایشوز پر اکٹھے چلیں تو ہمارے تمام مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ کشمیر ایشو اور آزاد کشمیر کے تمام مسائل کا حل ہم بیٹھ کر نکالیں گے، پاکستان کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ان کی جدوجہد میں شانہ بشانہ رہے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.