بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کشمیر انتخابات میں دھاندلی، نون لیگ کا اجلاس جاری

آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے حکمتِ عملی مرتب دینے کے لیے اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کا اجلاس جاری ہے۔

اجلاس سابق وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور سابق وزیرِ اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی زیرِ صدارت کشمیر ہاؤس میں جاری ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں باغ کے حلقے ایل اے 16 باغ 3 کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے، پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

اجلاس میں مسلم لیگ نون کے پاکستان اور آزاد کشمیر کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈرز شریک ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک کے لائحہ عمل پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم کانفرنس کی جانب سے حلقہ ایل اے 31 مظفر آباد 5 کی نشست پر مبینہ دھاندلی کا الزام لگایا گیا ہے اور اس سلسلے میں اس کے کارکنوں نے احتجاجاً دھرنا دے دیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اجلاس میں کل بروز جمعہ اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے سے متعلق بھی فیصلہ کیا جائے گا۔

مسلم لیگ نون آئندہ کی سیاسی حکمتِ عملی اور تحریک سے متعلق امور پر بھی فیصلے کرے گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.