ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

کرک سمادھی کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم

سپریم کورٹ آف پاکستان نے کرک سمادھی کا تعمیراتی کام جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ میں کرک سمادھی سے متعلق از خود نوٹس پر چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

عدالتِ عظمیٰ نے ہندو کمیونٹی کو تعمیراتی کام میں مداخلت سے روک دیا جبکہ ہدایت کی کہ چیف سیکریٹری یقینی بنائیں کہ سمادھی کی تعمیر میں تاخیر نہ ہو، سمادھی کی تعمیر 6 ماہ میں مکمل کی جائے۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ کرک سمادھی واقعہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ تاہم یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل کرنے میں جرگے کا کردار قابل تحسین ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل کے پی نے عدالت کو بتایا کہ کنٹریکٹر کام شروع کرنے والے تھے، رہنما رمیش کمار نے ٹھیکیدار کو کام سے روک دیا۔

رمیش کمار نے عدالت کو بتایا کہ سمادھی کی تعمیر کا ٹھیکہ جس کنٹریکٹر کو دیا اس میں صلاحیت ہی نہیں، تعمیراتی کام ساڑھے 5 کروڑ کا ہے، کے پی حکومت نے ساڑھے 3 کروڑ کا بجٹ منظور کیا، ٹھیکیدار کے پاس کام شروع کرنے کیلئے پیسہ نہیں ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سمادھی کی تعمیر راتوں رات نہیں ہونی، سمادھی کی تعمیر کا کام 5 اپریل سے شروع ہونا ہے، تعمیر 6 ماہ میں مکمل ہونی ہے۔

چیف جسٹس پاکستان گلزار احمد نے کہا کہ سمادھی کی تعمیر ریاست کی ذمے داری ہے، ایسے بندے کو ٹھیکہ دیا گیا جس کے پاس کام شروع کرنے کے پیسے نہیں، کیا اس کام میں بھی پیسہ بنانا ہے؟

انہوں نے کہا کہ سب پریشان ہیں کہ اس کام سے پیسہ کیسے کھانا ہے، بے شرمی کی کوئی انتہا ہوتی ہے، کے پی کے متعلقہ محکمے معاملے پر چپ کر کے بیٹھے ہیں۔

عدالتِ عظمیٰ نے چیف سیکریٹری کے پی کو سمادھی کا کام جلد شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.