نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) کو جولائی 2020ء سے دسمبر 2021ء کے دوران کرنٹ لگنے سے 11 شہریوں کی اموات پر قصور وار قرار دیتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کر دیا۔
نیپرا کے مطابق مذکورہ مدت کے دوران بجلی کا کرنٹ لگنے سے 16 افراد کی ہلاکتیں ہوئی تھیں، اتھارٹی کی جانب سے ان ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے 2 ممبران پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی تھی۔
نیپرا تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں 16 میں سے 11 اموات میں میپکو کو قصور وار قرار دیا گیا ہے جن میں سے 4 میپکو کے ملازمین جبکہ 7 عام شہری تھے۔
نیپرا کی جانب سے ان ہلاکتوں کی وجہ سے میپکو پر 2 کروڑ 80 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔
جاری اعلامیے میں نیپرا کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے نیپرا ایکٹ کے تحت میپکو کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا اور سماعت کا موقع بھی دیا تھا۔
نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میپکو ضابطۂ اخلاق اور حفاظتی معیارات کی ذمے داریاں سر انجام دینے میں ناکام رہا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے میپکو کو سوگوار خاندانوں کو 35 لاکھ روپے فی کس دینے اور سوگوار خاندانوں کے افراد کو ملازمت دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نیپرا اتھارٹی نے میپکو کو معاوضے اور ملازمتوں کی تفصیلات اتھارٹی کے ساتھ شیئر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
Comments are closed.