بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہمارا جوہری ہتھیاروں کا سسٹم سینٹرلائزڈ ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جوہری اثاثے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کے تحت ہیں، جو وزیراعظم کے تحت کام کرتی ہے، ہمارا جوہری ہتھیاروں کا سسٹم سینٹرلائزڈ ہے۔

 لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اعلیٰ ترین سول اور فوجی قیادت نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیان امریکی صدر بائیڈن نے دیا ہے اور مریم نواز مذمت عمران خان کی کر رہی ہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری کی جانب سے امریکی صدر جو بائیڈن کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے متعلق دیے گئے بیان پر ردِ عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دنیا کے بہت سے ممالک میں ایٹمی حادثات دیکھے ہیں، چرنوبل کا حادثہ ہوا، امریکا میں بھی نیو کلیئر ری ایکٹر میں حادثہ ہوا، ایٹمی ہتھیاروں کے ساتھ امریکا کا بی 52 طیارہ سات گھنٹے تک لاپتہ رہا، بھارت کا ایٹمی پروگرام سب سے غیر محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کے جوہری ہتھیاروں کی حفاظت کی تعریف دنیا کے ہر فورم پر ہوئی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عمران خان اور شہباز شریف میں کیا فرق تھا؟ عمران خان کے خلاف ہی یہ سازش کیوں ہوئی؟ عمران خان کے ہوتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کی طرف کوئی آنکھ  اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا تھا، صبح سب سے پہلے عمران خان نے صدر بائیڈن کے بیان کی مذمت کی، شہباز شریف کو ہم ڈھونڈ رہے ہیں کہ صبح سے وہ کدھر ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ حکومت کوئی الیکٹ ہوکر تو نہیں آئی، آکشن کے ذریعے لی گئی، عمران خان کل 7 نشستوں پر الیکشن لڑ رہے ہیں، یہ الیکشن پی ٹی آئی کا نہیں، پاکستان کی آزادی اور غلامی کا الیکشن ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.