کراچی میں گزشتہ روز سے اب تک شہر میں ہوئے 3 پولیس مقابلوں میں 3 ڈاکو ہلاک ہوگئے، 1 ڈکیت کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، 1 شہری بھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا جبکہ 4 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
شہر میں اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ روز سے پولیس مقابلوں میں بھی تیزی آگئی ہے۔
پولیس کے مطابق رات گئے سپر ہائی وے پر موٹر سائیکل سوار 2 ڈاکوؤں نے شہری کو اسلحے کے زور پر لوٹ مار کے دوران فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گشت پر مامور موٹر سائیکل سوار 2 اہلکار پہنچ گئے جن سے مقابلے میں 1 ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔
ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار وسیم اور نواب زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق الفلاح تھانے کی حدود جمعہ گوٹھ میں ندی کے بند کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 1 اہلکار فاروق زخمی ہو گیا۔
ندی کے بند پر لوٹ مار میں مصروف 5 سے 7 مسلح ملزمان اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے ملزمان رات کی تاریکی اور ندی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب نرسری کے قریب مشکوک کار میں 5 افراد گھوم رہے تھے جنہیں گشت پر مامور ایس ایچ او فیروز آباد نے تلاشی کے لیے رکنے کا اشارہ کیا۔
ملزمان نے کار سے پولیس موبائل کو ٹکر ماری جس سے ایس ایچ او معمولی زخمی ہو گئے، جبکہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔
پولیس اہلکاروں نے ملزمان کا تعاقب کیا، ملیر 15 کے قریب پولیس اور مفرور ملزمان میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جبکہ 1 کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ملزمان کے 2 ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے، ہلاک ملزمان کی شناخت جمعہ اور نعمت کے نام سے ہوئی ہے جبکہ گرفتار ملزم کی شناخت محمود کے نام سے ہوئی ہے۔
ملزمان کے قبضے سے 3 پستول، کلاشنکوف، راؤنڈ اور کرولا کار PGM-411 برآمد کی گئی ہے۔
Comments are closed.