کراچی میں مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث شہر میں تاحال3 مقامات پر احتجاج جاری ہے اور ٹریفک بلاک ہے۔
صبح شارع فیصل اسٹارگیٹ پر بھی ٹریفک رکا ہوا تھا تاہم مذاکرات کے بعد دھرنا فٹ پاتھ پر منتقل ہو گیا ہے اور سڑک کے دونوں ٹریک پر اس وقت ٹریفک بحال ہو چکا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں جن 3 مقامات پر اس وقت بھی سڑکیں بلاک ہیں، ان میں اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، کورنگی ڈھائی نمبر اورحب ریور روڈ شامل ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بلاک راستوں کے مقامات سے شہریوں کو متبادل راستے فراہم کیئے جا رہے ہیں، جبکہ شہر کے بیشتر مقامات پر ٹریفک معمول کے مطابق ہے۔
دوسری جانب ٹریفک پولیس کا کہنا ہے شہری زحمت سے بچنے کے لئے متبادل راستہ اختیار کریں۔
گزشتہ روز احتجاج کے باعث شہر بھر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا جبکہ کئی فلائٹس لیٹ ہوئیں، متعدد شہری ایئر پورٹ بھی نہ پہنچ سکے۔
گزشتہ روز احتجاج کے باعث کراچی کی مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام تہنس نہس ہوکر رہ گیا، شام 5 بجے کے بعد ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، زینب مارکیٹ، گورنر ہاؤس، شارع فیصل، لیاقت آباد، فائیو اسٹار چورنگی نارتھ ناظم آباد، پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی اور دیگر مقامات پر بدترین ٹریفک جام سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
لاکھوں شہری کئی گھنٹوں تک ٹریفک میں پھنسے رہے، اسٹار گیٹ کے قریب احتجاج کے باعث ایئر پورٹ جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک کی روانی تادیر معطل رہی جس کے باعث مسافروں کو کراچی ایئر پورٹ پہنچنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔
رات 9 بجے کے بعد کراچی سے دیگر شہروں کو جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ٹریفک کی بدترین صورتِ حال کے پیشِ نظر ریلوے نے سر سید ایکسپریس، گرین لائن ایکسپریس اور خیبر میل کو ڈرگ روڈ اور لانڈھی میں 2 منٹ کا اسٹاپ دیا تاکہ اطراف کے علاقوں کو جانے والے مسافر آرام سے گھروں کو پہنچ سکیں۔
Comments are closed.