کراچی کے مختلف علاقوں میں تیزہواوں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، کینٹ اسٹیشن پر آندھی کے ساتھ بارش کے بعد کراچی سرکلر ریلوے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کےانتظامات درہم برہم ہوگئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، کینٹ اسٹیشن پر مسافر پریشان ہیں، پلیٹ فارم پر بنے شیڈ سے بھی پانی رسنے لگا ہے۔
شہر قائد میں صبح سے ہی گرمی عروج پر تھی اور سورج آگ برسا رہا تھا کہ ایک دم موسم میں تبدیلی آئی اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کا آغاز ہوگیا۔
کینٹ اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ شروع ہوا جو بعد ازاں تیز بارش کی صورت اختیار کر چکا ہے۔
اس کے علاوہ کورنگی، محمود آباد ، صدر،آئی آئی چندریگر روڈ، اسکیم 33، نیشنل اسٹیڈیم اور اطراف کے علاقوں میں بوندا باندی جاری ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق شہر کے شمال، مشرقی علاقوں اور جنوب میں بادل بن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے 2 اکتوبر تک طوفانی بارشوں کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے کہا کہ کل تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے جس سے شہر میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ رہے گا۔
Comments are closed.