کراچی میں چپ تعزیے کا پہلا جلوس امام بارگاہ حسینیہ ایرانیاں پہنچ کر اختتام پزیر ہو گیا۔
کراچی میں چپ تعزیے کا مرکزی جلوس آج صبح نشتر پارک سے برآمد ہوا جس سے قبل نشتر پارک میں الوداعی مجلس منعقد ہوئی۔
چپ تعزیے کا جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔
جلوس کی گزرگاہ پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی جبکہ گلیاں اور سڑکیں کنٹینر لگا کر بند کی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ جلوس کی وجہ سے ٹریفک کے لیے بند ہونے کے باعث شارعِ فیصل پرمختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
اس دوران راشد منہاس روڈ، ڈرگ روڈ، کار ساز اور آئی آئی چندریگرروڈ پرٹریفک کا دباؤ دیکھنے میں آیا۔
کراچی میں چپ تعزیے کا دوسرا جلوس دوپہر 1 بجے، رضویہ سوسائٹی قصرِ مصیب، رضویہ چورنگی ناظم آباد سے برآمد ہو گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ پر ختم ہو گا۔
چپ تعزیہ کے دوسرے جلوس کے سلسلے میں شہریوں کو زحمت سے بچنے کے لیے کراچی ٹریفک پولیس نے ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق دوسرے جلوس کے دوران نارتھ ناظم آباد، حیدری اور ناظم آباد نمبر 7 سے آنے والا ٹریفک موڑا جائے گا، ناظم آباد سے آنے والے ٹریفک کو لیاقت آباد 10 نمبر اور حسن اسکوائر بھیجا جائے گا۔
واٹرپمپ سےکریم آباد فلائی اوور دوپہر 1 بجے ٹریفک کے لیے بند ہو جائے گا، اس دوران ٹریفک کریم آباد چوک سے موسیٰ کالونی سے حسن اسکوائر جائے گا۔
دوپہر 1 بجے سے پہلے لیاقت آباد 10 نمبر اور سپر مارکیٹ سے آنے والا ٹریفک سندھی ہوٹل موڑا جائے، سندھی ہوٹل سے ٹریفک یونیورسٹی روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا جبکہ الطاف حسین بریلوی روڈ بڑا بورڈ سے گجر نالہ کراسنگ تک بند ہو گا۔
دوپہر 1 بجے کے بعد ٹریفک گرو مندر سے بنوری ٹاؤن سگنل، نیو ایم اے جناح روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
شہرِ قائد کراچی میں جلوس کے روٹ پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے۔
جلوس کے روٹ پر آنے والی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر، بسیں اور واٹر ٹینکر لگا کر بند کیا گیا ہے۔
جلوس کے روٹ کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جا رہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ جلوس کے روٹ کی سرچنگ میں مصروف ہے۔
Comments are closed.