کراچی پریس کلب کے ممبران کے مسائل کے حل کیلئے تشکیل دی گئی حکومت سندھ کی اعلیٰ سطحی کمیٹی کا اجلاس محکمہ آرکائیو کے دفتر میں سیکریٹری محکمہ اطلاعات سندھ ندیم میمن کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ہاکس بے میں صحافیوں کو الاٹ کی گئی زمین پر قبضہ مافیا کی جانب سے قبضہ کیے جانے کی اطلاعات ملنے پر ان عناصر کے خلاف فوری کارروائی کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیماڑی اور ایس ایس پی انسداد تجاوزات کو 15 روز کے اندر اپنی رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں ضلع ملیر میں کراچی پریس کلب کے ممبران کو الاٹ کی گئی اراضی پر ترقیاتی کام کرانے کے لیے ترقیاتی فنڈز جلد از جلد جاری کرنے اور اہم منصوبوں کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کے لیے پی سی ون کی تیاری پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں کراچی پریس کلب کے 700 نئے ممبران کے لیے بھی پلاٹس کے لیے بورڈ آف ریونیو اور ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن کے نمائندوں کو زمین کی تلاش جلد مکمل کر کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی، سیکریٹری شعیب احمد نے ہاکس بے اور ملیر میں ممبران پریس کلب کی کالونی میں ترقیاتی کاموں کی رفتار میں مزید پیش رفت پر بھی زور دیا۔
صدر پریس کلب نے حکومت سندھ کی جانب سے ممبران کراچی پریس کلب کے مسائل کے لیے تاریخ میں پہلی مرتبہ تشکیل دی گئی کمیٹی کے قیام کو خوش آئند قرار دیا۔
Comments are closed.