پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے ملک بالخصوص کراچی و حیدر آباد میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر قیصر سجاد کی جانب سے جاری کیے گئے ایک پریس ریلیز کے مطابق کووڈ کے کیسز میں یہ اضافہ دراصل احتیاطی تدابیر، جن میں ماسک پہننا اور سماجی فاصلہ رکھنا شامل ہے، میں غفلت برتے جانے کی وجہ سے ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی بغیر ماسک اور سماجی فاصلہ نہ رکھنے کی صورتحال عام ہے۔ جبکہ اس اضافے کی دوسری اہم وجہ بوسٹر ڈوز لگوانے کے حوالے سے لاپرواہی بھی ہے۔
قیصر سجاد نے کہا کہ پی ایم اے ذرائع کے مطابق اب تک ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو بوسٹر ڈوز لگ چکی ہے جو بیماری کی روک تھام کے حوالے سے کافی کم تعداد ہے۔
پی ایم اے رہنما نے کہا کہ ہمیں کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے بہت محتاط رہنا ہوگا اور بیماری سے بچنے کی تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرنا ہوگا۔
Comments are closed.