بحیرہ عرب میں بننے والے ممکنہ طوفان کے باعث کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش رات بھر جاری رہی اور صبح کے وقت رک گئی۔
کراچی میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش رات بھر وقفے وقفے سے جاری رہی، بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم کی شدت میں کمی آئی ہے،رات بھر جاری رہنے والی بارش صبح کے وقت رک گئی ہے تاہم کہیں بوندا باندی اور کہیں ہلکی بارش ہورہی ہے۔
ڈیپ ڈپریشن شمال مغرب کی طرف 14 کلومیٹر کی رفتار سے بڑھ رہا ہے، ڈیپ ڈپریشن کے باعث کراچی، زیریں سندھ سمیت دیگر ساحلی پٹیوں میں طوفانی بارش کا امکان ہے۔
ڈیپ ڈپریشن کے باعث سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کی ہوا میں نمی کا 87 فیصد ہے، شہر کا مطلع ابرآلود ہے،ہوائیں جنوب مشرق سے 27کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 8 ملی میٹر، قائد آباد میں 6 اعشاریہ 5، نارتھ کراچی میں 5 اعشاریہ 6، گلشنِ معمار میں 2 اعشاریہ 3، اولڈ ایئرپورٹ پر 1 اعشاریہ 6، جناح ٹرمینل پر 2 اعشاریہ 6، فیصل بیس پر 3 اعشاریہ 5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
مسرور بیس پر 2، ناظم آباد میں 2 اعشاریہ 4، سعدی ٹاؤن میں 3 اور سرجانی ٹاؤن میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
Comments are closed.