کمشنر کراچی نوید شیخ نے سمندر پر نہانے پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کر کے دفعہ 144 نافذ کر دی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، یہ پابندی 15 ستمبر 2021ء تک برقرار رہے گی۔
دفعہ 144 کے نفاذ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی عید الاضحیٰ کے موقع پر سمندر پر متوقع طور پر بڑی تعداد میں شہریوں کی تفریح اور نہانے کے لیے آمد اور مون سون بارشوں کے دوران سمند ر میں طغیانی کے پیشِ نظر 2 ماہ کے لیے عائد کی گئی ہے۔
کمشنر کراچی نوید شیخ نے کہا ہے کہ ساحلِ سمندر پر نہانے اور تفریح پر پابندی کا مقصد سمندر میں ڈوبنے کے کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے شہریوں کو بچانا اور ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے۔
کمشنر کراچی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ساحلِ سمند پر جانے سے گریز کریں اور پابندی پر عمل کریں۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ ایس ایس پیز کے تعاون سے اس پابندی اور دفعہ 144پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔
Comments are closed.