کراچی ایئرپورٹ پر 2 پروازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قطر ایئر کی دوحہ سے کراچی آنے والی پرواز کے طیارے سے پرندہ ٹکرایا، پرواز QR-610 سے رن وے نمبر 25 ایل پر لینڈنگ اپروچ کے دوران پرندہ ٹکرایا۔
ذرائع کے مطابق قطر ایئر کے ایئربس اے 320 طیارے کے انجن نمبر 2 سے لینڈنگ کے دوران پرندا ٹکرایا، پرواز میں 150 سے زائد مسافر تھے، جس کے بعد طیارے نے باحفاظت لینڈ کیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکرانے والے پرندے کی باقیات طیارے کے انجن نمبر 2 کے اندر سے ملیں۔ واقعے کے بعد طیارے کا کراچی ایئرپورٹ پر معائنہ کیا گیا جس کے بعد اسے پرواز کے لیے محفوظ قرار دے دیا گیا۔ بعداذاں کراچی سے دوحہ کیلئے پرواز کیو آر 611 کے طور پر وہی طیارہ روانہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی سکھر کراچی کی پرواز پی کے 537 سے بھی پرندہ ٹکرایا، اس دوران اے ٹی آر طیارہ 2500 فٹ کی بلندی پر لینڈنگ اپروچ پر تھا۔
پرندے ٹکرانے کے واقعات کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ اور اطراف میں پرندوں کے خلاف کارروائی سی اے اے کی ذمے داری ہے۔
Comments are closed.