کراچی ایئرپورٹ سے ٹیک آف کے فوری بعد انجن میں شدید خرابی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنے والے غیرملکی ایئر لائن کے طیارے کو نقص دور کر کے دبئی روانہ کردیا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 334 جناح ایئر پورٹ سے 10 مارچ کی صبح 10:07 بجے دبئی کے لیے روانہ ہوئی تو اڑان کے چند سیکنڈ بعد ہی بوئنگ 737 طیارے کے ایک انجن سے شدید غڑغڑاہٹ کی آوازیں آنے پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا۔
ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایت پر روانگی کے ٹھیک 11 منٹ بعد پائلٹ نے طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر 10:18 بجے بحفاظت اتار لیا تھا۔
جہاز میں سوار تمام 168 مسافر محفوظ رہے جنہیں 9 گھنٹے بعد متبادل پرواز سے منزل کی جانب روانہ کیا گیا۔
فنی خرابی کا شکار طیارہ 52 گھنٹے کراچی ایئر پورٹ پر موجود رہا۔
ایوی ایشن حکام کے مطابق بوئنگ 737 طیارے کے انجن کے پنکھے کے 3 بلیڈ ٹیڑھے ہوگئے تھے جن کی مرمت کا کام گزشتہ روز مکمل کرلیا گیا تھا۔
رجسٹریشن OK-TVX کا حامل 17 سال پرانا یہ طیارہ پرواز ایف زیڈ 8088 کے طور پر اتوار کی دوپہر 2:08 بجے کراچی سے دبئی کے لیے روانہ ہوگیا۔
Comments are closed.