وزارتِ خزانہ نے کامیاب پاکستان پروگرام کے لیے ہول سیل بنیاد پر فنڈز فراہم کرنے والے بینکوں کا انتخاب بولی کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
وزیرِ خزانہ شوکت ترین کی زیرِ صدارت کامیاب پاکستان پروگرام کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کامیاب پاکستان پروگرام کو اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حتمی شکل دے دی گئی۔
وزارتِ خزانہ کے اس حوالے سے جاری کیئے گئے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمرشل بینک مائیکرو فنانس اداروں کو فنڈز فراہم کریں گے۔
اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ فنڈز کے اجراء کا سہ ماہی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا، حکومت بینکوں کو 50 فیصد تک رسک شیئرنگ گارنٹی دے گی۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ کامیاب پاکستان انفارمیشن سسٹم کے نام سے پورٹل بھی بنایا جائے گا، کامیاب پاکستان پروگرام مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔
اعلامیئے میں وزارتِ خزانہ کا مزید کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں صوبہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان میں پروگرام شروع ہو گا۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیئے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پنجاب، سندھ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے غریب ترین اضلاع بھی اس پروگرام سے مستفید ہوں گے۔
اعلامیئے میں وزارتِ خزانہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پروگرام ای سی سی سے منظوری کے بعد وفاقی کابینہ میں پیش ہو گا۔
Comments are closed.