ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ مسٹر جیپی کوفود خصوصی دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ان کی اسپیشل چارٹرڈ پرواز نے وفاقی دارالحکومت کے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔
ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ منیجر اور ان کی ٹیم نے دفترِ خارجہ کے حکام کے ساتھ ڈینش وزیرِ خارجہ جیپی کوفود کا استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق معزز مہمان کو اسلام آباد ایئر پورٹ کے B4 ،B5 لاؤنجز کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں افغانستان سے غیر ملکیوں کے انخلاء اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے جو انتظامات کیئے گئے ان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ترجمان کے مطابق مہمان وزیرِ خارجہ نے انخلاء کے سلسلے میں ایئر پورٹ کے عملے کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔
ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ نے افغانستان سے انخلاء کے موقع پر 24 گھنٹے ہنگامی صورتِ حال میں کام کرنے پر ایئر پورٹ پیسنجر سروس (اے پی ایس) کے عملے کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ڈنمارک کے وزیرِ خارجہ نے کہا کہ اس تجربے کے بعد میں اب اسلام آباد ایئر پورٹ کے عملے کو ذاتی طور پر پہچاننے لگا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان سول ایوی ایشن کے تعاون اور ایئر پورٹ کے عملے کی انتھک محنت کے بغیر یہ سب کچھ ممکن نہ تھا۔
Comments are closed.