بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

چینی کمیونسٹ پارٹی، تحریک انصاف کا وژن عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کا چینی قوم کو عظیم تر بنانے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نیا پاکستان وژن عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہے۔

کمیونسٹ پارٹی چائنا اور عالمی سیاسی جماعتوں کی سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی کامیابی کا راز توجہ عوام پر مرکوز کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کو 100 ویں یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کا قیام عالمی تاریخ میں دور رس اثرات کا حامل واقعہ تھا، اس کے وژن نے چینی قوم کے جذبوں کو جلا بخشی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سی پی سی نے چینی عوام کو غیرملکی تسلط سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کا حوصلہ دیا، ماؤزے تنگ اور ڈینگ شیاؤفینگ نے قومی وقار کی بحالی میں چینی عوام کی رہنمائی کی۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پی سی عشروں سے چین کی سرحدوں سے باہر بھی لوگوں کو نیاجذبہ اور امید دے رہی ہے، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا نے نوآبادیاتی تسلط کے خاتمے میں کردار ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پی سی عوامی خدمت اور مفادات کو ترجیح دینے کے عزم پر کاربند رہی ہے، اس نے ترقی، تخفیف غربت، انسداد بدعنوانی اور قومی تعمیر میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے انتہائی غربت کا خاتمہ کیا، اعتدال پسند معاشرے کو فروغ دیا۔

پاک چین دوستی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں ممالک آئرن برادرز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری انسانیت کے لیے مشترکہ مستقبل جیسے باوقار مقصد کے لیے مل کر بڑھنا ہوگا، آئیے ہم اپنے عوام کی امنگوں کو بھرپور طریقے سے پورا کرنے میں ان کی مدد کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی طاقت کے حصول کا مقصد عوام کی زندگیوں میں تبدیل اور قسمت کا خود مالک بنانا ہوتا ہے، عوام کی بے لوث خدمت سے ہی سیاستی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرسکتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن، ترقی اور عالمی نظام کو برقرار رکھنے کے لیے چین کی کاوشوں کی حمایت کرتا ہے، صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹیو کے وژن کا پائیدار عالمی ترقی پر مثبت اثر پڑا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کے صدر اپنے اقدامات کی بدولت عالمی سطح کے مدبر سیاستدان ثابت ہوئے، کورونا ویکسینز بنانے کا اعلان صدر شی کی بصیرت، جذبہ ہمدردی اور دیانتداری کا عکاس ہے۔

انھوں نے کہا کہ سی پی سی کا چینی قوم کو عظیم تر بنانے اور پی ٹی آئی کا نیا پاکستان وژن عوام کی امنگوں کا آئینہ دار ہے، دونوں جماعتیں جدوجہد، عزم اور ثابت قدمی کے مشترکہ جذبے کی بھی حامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کے تسلط، بدعنوان اور اقربا پروری کے شیطانی چکر کو توڑنے کے لیے پی ٹی آئی تشکیل دی، تحریک انصاف احتساب، شفافیت، میرٹ اور اسلامی فلاحی بہبود کے اصولوں پر قائم ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ملک میں قانون کی بالادستی، مساوات اور انصاف کے مشن پر کاربند ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری احساس پروگرام ایشیا کا اہم اور نمایاں پروگرام ہے، یہ ایشیا بھر میں سماجی تحفظ کے بڑے اور نمایاں پروگراموں میں سے ایک ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ ہم نے صحت کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق یونیورسل ہیلتھ کوریج کو ترجیح بنایا، خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو مفت صحت بیمہ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلین ٹری منصوبہ ماحولیات اور حیاتیاتی تنوع کے نقصانات کو کم کرنے کے عزم کا عکاس ہے، کرہ ارض کو بچانے میں اپنا حصہ ڈالنے اور ماحولیاتی شعبہ کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ترجیحات کو علاقائی سیاست سے علاقائی اقتصادیات میں بدلا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ہم آہنگی اور علاقائی رابطوں سے متعلق پاکستان کی جیواکنامک ترجیحی کاوش کو تقویت دیتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میری حکومت کا گرین وژن صدر شی جن پنگ کے گرین چائنا وژن سے ہم آہنگ ہے، گرین وژن، سی پیک کو پاکستان کی ترجیح کے طور پر گرین سی پیک میں تبدیل کر رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین بنیادی مفادات کے امور میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.