جمعرات 27؍شوال المکرم 1444ھ18؍مئی 2023ء

پی پی کی میئر، ڈپٹی میئر کے نام فائنل کرنے کی تردید

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مرکزی قیادت نے پارٹی کی جانب سے حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے کسی بھی پارٹی امیدوار کا نام تاحال فائنل کرنے کی تردید کردی۔ 

پی پی ویمن ونگ کی صدر فریال تالپور نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کےلیے پارٹی تاحال امیدواروں کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا میں کراچی اور حیدرآباد سمیت دیگر کارپوریشنز کے لیے میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین، وائس چیئرمین کےلیے چلنے والے ناموں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ بلدیاتی عہدوں کےلیے پارٹی کے خواہشمند امیدواروں کے ناموں کے متعلق فی الحال پیشکش پر مشاورت جاری ہے۔ تاہم کسی بھی امیدوار کا نام فائنل نہیں کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سندھ بھر میں میئر، ڈپٹی میئر اور چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کے لیے جب پارٹی کی جانب سے حتمی فیصلہ ہوگا تو ان امیدواروں کے ناموں کے متعلق پارٹی باضابطہ اعلان کرے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پیپلز پارٹی نے میئر کراچی کے عہدے کےلیے مرتضیٰ وہاب کے نام کی منظوری دے دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.