پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 237 کے نتائج کو مسترد کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پریذائیڈنگ آفیسر کا بیان بھی سامنے آیا کچھ لوگوں نے آکر تیر پر ٹھپے لگائے ہیں۔
علی زیدی کا دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی طرف سے قوم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ہمارے حساب سے تو عمران خان نے 7 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاید مجبور قومی موومنٹ کو ہی شرم آجائے اور وہ اسمبلی سے استعفی دیدے، ایک طرف این اے 237 ہے اور ایک طرف این اے 239 ہے، ایسا کیسے ہوسکتا ہے ایک طرف ووٹ نہیں پڑے اور دوسرے طرف ووٹ پڑ گئے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم قانون کے آخری دروازے تک جائیں گے اور ایف آئی آر کٹوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملیر میں صبح سے کچھ افراد پولیس موبائل اور ویگو گاڑیوں میں پولنگ اسٹیشن میں گھس کر ٹھپے لگا رہے تھے اور اس پر پریذائیڈنگ آفیسر کا بیان بھی سامنے آیا کہ کچھ لوگوں نے آکر تیر پر ٹھپے لگائے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ویڈیو اور بھی آئی جس میں وقت ختم ہونے کے بعد لوگ ٹھپے لگارہے ہیں اور اتنے ووٹ آپ کو اس وقت نہیں ملے جب آپ جیتے تھے، جہاں ان کے اپنے گھر ہیں وہاں جاکر ان کو ٹھپہ لگانے پڑ ے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سی سی ٹی وی اور ڈی وی آر نکال کر لے گئے، الیکشن کمیشن نے خود اپنی ناکامی کا اعتراف کیا، الیکشن کمیشن نے تین خط لکھے۔
علی زیدی نے کہا کہ ایک میں بلال غفار کے واقعہ کا اور دوسرے میں انہوں نے لکھا غیر متعلقہ افراد پولنگ اسٹیشنز میں گھوم رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما کا پولیس افسر کو تنقید کا نشانہ بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ عرفان بہادر تم سجھتے ہو آصف زرداری کے لیے ملیر کی زمین پر قبضہ کراتے رہو گے، تم جیسے گھٹیا افسر پوری پولیس فورس کو بدنام کرتے ہیں، تمھارے خلاف مقدمہ درج کراؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ منتخب ہوکر آؤں گا تمہیں کمیٹی میں بلاؤں گا، این اے 237 کے نتائج کو تحریک انصاف مسترد کرتی ہے، جو قانون میں راستہ ہے ہم وہ قانونی راستہ اختیار کرینگے۔
علی زیدی نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں صبح تک بلال غفار پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ درج کیا جائے، سلیم بلوچ اور سلمان مراد کو گرفتار کیا جائے۔
Comments are closed.