پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قیادت کا نگراں حکومت کی طرف سے رابطہ کیا ہے، جس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود سے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ملاقات کی، اس موقع پر انتخابات میں شرکت کے مساوی مواقع اور قومی مفاہمت سے متعلق گفتگو ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق صاف، شفاف انتخابات کے انعقاد میں نگراں حکومت کے امور پر بھی بات چیت ہوئی۔
شفقت محمود نے دوران ملاقات کہا کہ انتخابات کی افادیت آزادانہ، منصفانہ اور غیرجانبدارانہ انعقاد کی مرہونِ منت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو برابری کی سطح پر سیاسی سرگرمیوں کے مواقع نہیں مل رہے، دیگر جماعتوں کو ملک بھر میں جلسے جلوسوں کی کھلی آزادی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ناہموار ماحول میں منعقد کروائے گئے انتخابات عوامی قبولیت سے محروم رہیں گے، فیئر ٹرائل اور انصاف بھی آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے لئے اہم ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ قومی سطح پر مفاہمت تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں، انتخابات کے صاف شفاف انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔
Comments are closed.