اتوار 13؍رجب المرجب 1444ھ5؍فروری 2023ء

پی ایس ایل نمائشی میچ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا پشاور زلمی کو جیت کیلئے 185 رنز کا ہدف

کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 185 رنز کا ہدف دے دیا۔

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ان کے لیے فائدہ مند ثابت نہ ہوا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔

افتخار احمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے وہاب ریاض کے آخری اوور میں 6 چھکے لگائے۔

خوشدل شاہ 36، عبدالواحد بنگلزئی 28، احسن علی 5، سرفراز احمد اور نواز نے 4، 4 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے وہاب ریاض نے میچ میں 3، عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

میچ کی ابتداء میں شاہد آفریدی نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ اور وزیرِ اعلیٰ کا میچ کرانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان سے اچھا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، کرکٹ کے علاوہ بلوچستان میں باکسنگ کا بھی بہت ٹیلنٹ ہے۔

کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے نمائشی میچ میں افتخار احمد نے وہاب ریاض کی 6 گیندوں پر 6 چھکے جڑ دیے۔

سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت کو میچ کرانے پر مبارک باد دیتا ہوں، آج کا میچ بہت اچھا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوبصورت گراؤنڈ ہے، تمام کھلاڑی اس میچ کو انجوائے کریں گے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئٹہ میں کھیلنا بہت اچھا ہے۔

اس سے قبل اسٹیڈیم آنے پر شائقینِ کرکٹ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا زبردست خیر مقدم کیا۔

نمائشی میچ کے موقع پر بگٹی کرکٹ گراؤنڈ کے باہر فوڈ اسٹالز بھی سجے ہوئے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کا نمائشی میچ آج کوئٹہ کے بگٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والے میچ کے لیے اسٹیڈیم میں تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

فوڈ اسٹالز میں روایتی سجی اور دیگر کھانوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

اسٹیڈیم کے اندر اور باہر دونوں ٹیموں اور کھلاڑیوں کے بینرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.