سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کی سینیٹ کی امیدوار پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا، جبکہ پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔
پیپلز پارٹی کی امیدوار پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست سندھو انڈس لائرز فورم نے دائر کی تھی۔
دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں کیا خامیاں ہیں ہمیں مطمئن کریں، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ غیرقانونی طور پر پلوشہ خان کا ووٹ پنجاب سے سندھ منتقل ہوا۔
عدالت نے کہا کہ اگر ووٹ پنجاب سے سندھ ٹرانسفر ہوا تو خلاف قانون کیا ہے؟ عدالت نے پلوشہ خان کے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں سینیٹ الیکشن کیلئے اہل قرار دے دیا۔
عدالت نے کہا کہ ہمارا اختیار سماعت اس وقت محدود ہے، کئی چیزیں ہم رٹ میں نہیں سن سکتے۔
دوسری جانب عدالت نے حکومتی جماعت پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کیخلاف دائر درخواست پر درخواست گزار قادر خان مندوخیل کی غیر حاضری کے باعث سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے فیصل واوڈا پر دہری شہریت چھپانے کا الزام لگایا ہے۔
Comments are closed.