پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبرِ قومی اسمبلی مہرین بھٹو نے پیٹرول کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہیں۔
ایک بیان میں مہرین بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان مہنگائی کر کے قوم سے ووٹ دینے کا بدلہ لے رہے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے دشمنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیائے خور و نوش مزید مہنگی ہوں گی، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے۔
واضح رہے کہ وزارتِ خزانہ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جو فوری طور پر نافذ العمل ہوگا۔
اعلامیئے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 10 روپے 49 پیسے بڑھا دی گئی ہے جس کے بعد 1 لیٹر پیٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہو گئی۔
مٹی کا تیل 10 روپے 95 پیسے مہنگا کیا گیا ہے جس کے بعد 1 لیٹر مٹی کا تیل 110 روپے 26 پیسے کا ہو گیا ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 12روپے 44 پیسے اضافہ کیا گیا ہے اور نئی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 134 روپے 48 پیسے ہو گئی ہے۔
لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 8 روپے 84 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ایک لیٹر لائٹ ڈیزل آئل 108 روپے 35 پیسے کا ہو گیا ہے۔
Comments are closed.