جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پولیس مجھے اغوا کرنے میں ناکام رہی، شیر افضل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پولیس نے چکدرہ میں ناکا بندی کی، اور مجھے اغوا کرنے میں ناکام رہی۔

اپنے بیان میں تحریک انصاف کے نائب صدر شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ پولیس نے چکدرہ کے مقام پر ان کی گرفتاری کے لیے ناکا بندی کی، پولیس انہیں اغوا کرنا چاہتی تھی، لیکن ناکام ہوگئی، اب وہ باجوڑ پہنچ گئے ہیں۔

اس سے قبل تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت کو چکدرہ سے اغوا کیا گیا، شیر افضل مروت باجوڑ کنونشن میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

ترجمان پی ٹی آئی معظم بٹ کا کہنا تھا کہ ہم شیر افضل مروت کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں، غیر قانونی گرفتاریوں اور اغوا کے معاملے کا جلد نوٹس لیا جائے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ملاکنڈ نے پاکستان تحریک انصاف کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ شیر افضل مروت کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.