پنجاب حکومت نے 5 اضلاع میں 26 جولائی سےگھروں پر کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ ویکسنیشن مہم لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور راولپنڈی میں چلائی جائے گی۔
گھر گھر مہم کا فیصلہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری پنجاب نے اجلاس میں کیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ این سی او سی نے 14 اگست تک 40 فیصد آبادی کو ویکسین لگانے کا ہدف دیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ 14اگست تک راولپنڈی کی 18سال سے زائد کی 70 فیصد آبادی کی ویکسینیشن کا ہدف ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہور میں ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سینٹرز بڑھائے جانے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ گھر گھر ویکسینیشن کے لیے موبائل ٹیمیں بنائیں جائیں گی اور این سی او سی کے دیئے ویکسینیشن کے اہداف کو پورا کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ تمام ٹیچنگ اسپتالوں کے زیرِ انتظام نواحی علاقوں میں ویکسینیشن کیمپ بنائے جائیں۔
اُنہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گھر گھر جاکر ویکسین لگانے کے لیے ہر یونین کونسل میں دو موبائل ٹیمیں بنائی جائیں گی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیصل آباد 566، گوجرانوالہ 224، ملتان میں 250، راولپنڈی میں 356 اور لاہور میں 528 موبائل ٹیمیں بنائی جائیں گی۔
Comments are closed.