منگل4؍جمادی الاوّل 1444ھ29؍نومبر2022ء

پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے پر آج اجلاس ہو گا، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سینئر لیڈرشپ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اجلاس میں پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ پر غور کیا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں سندھ اور بلوچستان اسمبلی سے مستعفی ہونے کی تاریخ پر بھی غور ہو گا۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ان فیصلوں سے پاکستان کی اسمبلیوں کی 64 فیصد نشستیں خالی ہو جائیں گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ دو اسمبلیوں سے استعفوں اور دو کے تحلیل ہونے سے عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔

معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ استعفے، اسمبلی کی تحلیل اور حکومت سے نکلنے کے لیے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز راولپنڈی میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اس کرپٹ سسٹم کا حصہ نہیں بنیں گے، اسمبلیوں سے نکلنے کے لیے حتمی تاریخ کا اعلان مشاورت سے ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں نے وزرائے اعلیٰ سے بات کی ہے، پارلیمنٹری پارٹی سے بھی مشاروت کر رہا ہوں، آنے والے دنوں میں اعلان کریں گے کہ کس دن ساری اسمبلیوں سے باہر نکل رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.