بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پریانتھا کمارا قتل کیس، 6 مجرمان کو سزائے موت، 7 کو عمر قید

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا قتل کیس کا فیصلہ سنادیا ہے۔

عدالت نے قتل کیس میں 6 مجرمان کو سزائے موت اور 7 کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جبکہ مقدمے میں ملوث 76 مجرموں کو 2، 2 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے کیس کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں مکمل کیا اور مجرمان کو سزائیں سنائیں۔

اے ٹی سی گوجرانوالہ کی جج نتاشہ نسیم کی عدالت میں یرپانتھاکمارا قتل کیس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے کیس کے دفاع کا فیصلہ کیا تھا، عدالت نے 14 مارچ بروز پیر پراسیکیوشن کے 14 گواہوں کو طلب کیا۔

پراسیکیورٹر نے عدالت کو بتایا کہ بالغ اور نابالغ ملزمان کے خلاف علیحدہ چالان جمع کرائے گئے، 80 نامزد ملزمان بالغ ہیں جبکہ 9 نابالغ ہیں۔

پراسیکیویشن نے 46 چشم دید گواہوں کو چالان کا حصہ بنایا تھا جبکہ 10 سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی کیس کا حصہ تھی، 55 ملزمان کے موبائل سے ویڈیوز بھی ملی تھیں۔

ملزمان پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر تیز ترین ٹرائل ایک ماہ میں مکمل کیا گیا۔

سیالکوٹ میں 3 دسمبر کو توہین مذہب کے الزام میں سیکڑوں افراد نے فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو تشدد کرکے قتل کیا اور اُس کی لاش جلادی تھی۔

پاکستان نے مقتول کی میت سری لنکن دارلحکومت منتقل کی، جہاں اُن کی آخری رسومات ادا کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.