بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پرویز خٹک کیا کسی کے اشارے پرعمران خان کے سامنے کھڑے ہوئے؟ ن لیگ سے سوال

پاکستان تحریک انصاف  (پی ٹی آئی) کے اجلاس میں پرويز خٹک کی برہمی  سے متعلق سوال پر مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے معاملے کا دوسرا رخ پیش کردیا۔

ن ليگ کے رہنماؤں سے سوال ہوا کہ پرویز خٹک کیا کسی کے اشارے پر عمران خان کے سامنے کھڑے ہوئے؟ تو سابق اسپیکر ایاز صادق نے برجستہ جواب دیا کہ پرویز خٹک کو فون آگیا تھا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے یہ بھی کہا کہ شیخ رشید کو سنجیدہ نہیں لیا کریں، شیخ رشید اپنی شادی تو کرنہیں سکے، پہلے شادی کرلیں پھر کوئی بڑی بات کریں۔

حماد اظہر نے کہا کہ وزیر دفاع کو بتادیا گیا تھا کہ گیس کنکشنز پر پابندی ہے ان کو گیس کی طلب اور رسد پر بریفنگ دی گئی اور انہیں راضی کیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا عمران خان اب سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں۔

واضح  رہے کہ دو روز  قبل ہونے والے  وزیراعظم کی زیرِصدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی، جس سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ اس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

وزیر دفاع نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا، خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گیس اور بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے اور کہا کہ اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کافی کشیدہ رہا اور پارٹی کے رہنماؤں کے چہرے کافی افسردہ دکھائی دیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.