بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پرویز الہٰی کی درخواست پر 3 رکنی بینچ کی سماعت

چوہدری پرویز الہٰی کی وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت کا آغاز ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے الیکشن کے معاملے پر پرویز الہٰی کی سپریم کورٹ رجسٹری میں درخواست پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ تشکیل دیا ۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب پر مشتمل بینچ کی سماعت جاری ہے۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر بھی سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچے، انہوں نے بتایا کہ پرویز الہٰی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہوچکی ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ میری اطلاعات کے مطابق جج صاحبان درخواست کی سماعت کے لیے آ رہے ہیں۔

اس موقع پر بیرسٹر علی ظفر سے سوال کیا گیا کہ کیا باضابطہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے کہ درخواست پر سماعت ہوگی؟ جواب میں انہوں نے بتایا کہ میرے کولیگز کے مطابق ساڑھے9 یا پونے10بجےسماعت شروع ہوگی۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ میں مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی درخواست کی سماعت کے لیے پی ٹی آئی کے مختلف رہنما بھی سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

تحریک انصاف کےرہنما اسد عمر اور عمر ایوب سپریم کورٹ لاہور رجسٹری پہنچ گئے ہیں۔

گزشتہ روز پرویز الہٰی کی دائر درخواست میں حمزہ شہباز، ڈپٹی اسپیکر اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے۔

پرویز الہٰی نے درخواست کی آج سماعت کی استدعا کی ہے۔

دوسری جانب نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ۔

گورنر ہاؤس لاہور میں حمزہ شہباز سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں پارٹی رہنماؤں، کارکنوں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حمزہ شہباز 3 ووٹوں کے فرق سے پنجاب کے وزیراعلیٰ برقرار رہے تھے۔

ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے نتیجے کا اعلان کرنے سے پہلے چوہدری شجاعت کا خط ایوان میں پڑھ کر سنایا، جس کی بنیاد پر مسلم لیگ (ق) کے کاسٹ کیے گئے تمام 10 ووٹ منسوخ کردیے تھے۔

یوں 10 ووٹ منسوخ ہونے کے بعد پرویز الہٰی کے ووٹوں کی تعداد 176 ہوگئی تھی جبکہ حمزہ شہباز کے ووٹوں کی تعداد 179 رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.