اتوار 16؍جمادی الاول 1444ھ 11؍دسمبر 2022ء

پرویز الہٰی نے اسمبلی تحلیل نہیں کی تو ہم استعفیٰ دیدیں گے: ہاشم ڈوگر

پنجاب کے وزیرِ آب پاشی ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی عمران خان کے کہنے پر اسمبلی کو تحلیل کر دیں گے، اگر وہ اسمبلی تحلیل نہیں کرتے تو ہم اپنا استعفیٰ دے دیں گے۔

لاہور میں صوبائی وزیرِ خزانہ محسن لغاری کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر نے کہا کہ اسمبلی توڑنے کے 3 ماہ بعد واپس آئیں گے، تحریک انصاف کے 178 غیور کہیں جانا نہیں چاہتے۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ جو اپنی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں وہی عمران خان کو چھوڑ کر جائیں گے، جن بھیڑ بکریوں نے بکنا تھا وہ فروخت ہو چکی ہیں۔

اس موقع پر محسن لغاری نے کہا کہ اکیسویں صدی میں پانی پر جنگیں ہوں گی، پنجاب واحد صوبہ تھا جو اپنا پانی خود محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہا تھا۔

محسن لغاری نے کہا کہ گریٹر تھل منصوبے کے لیے ایشیئن بینک کے ساتھ معاہدے پر دستخط ہونا تھے، ایشیئن بینک نے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ دستخط کریں ورنہ دسمبر میں فنڈنگ شروع نہیں ہو گی۔

ہاشم ڈوگر نے کہا کہ شہبازگل پر تشدد کے ثبوت پہلے دن سے ہمارے پاس موجود تھے، عدالت کے طلب کرنے پر ہی تشدد کے ثبوت پیش کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے دستخط سے انکار کرنے سے ہمارا بہت نقصان ہو گا، زرعی ملک ہونے کے باوجود زرعی اجناس امپورٹ کر رہے ہیں۔

محسن لغاری نے یہ بھی کہا کہ وسائل کی کمی کی وجہ سے بینک کے پاس گئے تھے، منصوبے پر دستخط نہ کرنا پنجاب کے ساتھ زیادتی ہے، اس منصوبے کو ختم نہیں ہونے دیں گے، صوبے کے وسائل سے اس منصوبے کو بنائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.