کراچی میں مشکوک نمبر پلیٹس کی گاڑیوں اور ان پر سوار مسلح پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز کی بھرمار کے خلاف کراچی کی ساؤتھ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے متعدد افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ بیشتر گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ کی صدارت میں آج ہونے والے اہم اجلاس کے بعد آئی جی سندھ کی ہدایت پر یہ کارروائی شروع کی گئی ہے۔
ڈیفنس میں پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز کی حامل گاڑیوں کی چیکنگ کی گئی۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق شاہراہوں پر ناکہ بندی کرکے کی گئی چیکنگ کے دوران غیر ضروری سیکیورٹی گارڈز کو تھانے منتقل کیا گیا۔
زبیر نذیر کے مطابق سیکورٹی گارڈز کے اسلحہ لائسنس چیک کیے جارہے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق اسلحہ کی نمائش، فینسی نمبر پلیٹس، پولیس لائٹس والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فینسی نمبر پلیٹ لگی گاڑیوں کو ضبط کیا جارہا ہے، جبکہ سیکیورٹی گارڈز سے غیر قانونی اسلحہ بھی برآمد کیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.