انگلینڈ کے نوجوان بیٹسمین لیام لیونگسٹن نے پاکستان کے خلاف تاریخ رقم کردی اور وہ کردکھایا جو ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ میں دنیا کی بہترین بولنگ لائن میں سے ایک پاکستان کے خلاف کوئی کھلاڑی نہ کرپایا۔
ٹرینٹ برج میں سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں 31 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔
قومی ٹیم نے پہلے بیٹنگ، پھر بولنگ اور فیلڈنگ سے انگلینڈ کے تمام ہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کلاس کردیا تھا، تاہم ایسے میں لیام لیونگسٹن نے شانداری باری کھیل کر اپنی ٹیم کے لیے جیت کی امید پیدا کردی تھی۔
لیونگسٹن نے پاکستان کی طرف سے دیے گئے 234 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 گیندوں پر 109 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔
یہ کسی بھی کھلاڑی کی ٹی ٹوئنٹی تاریخ میں پہلی مرتبہ تھا کہ کسی بیٹسمین نے گرین شرٹس کے خلاف سنچری اسکور کی ہو اور اتنے چھکے لگائے ہوں۔
اس سے قبل پاکستان ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میں سب سے بڑا انفرادی اسکور زمبابوے کا سولومون مائیر کا ہے جنھوں نے 2018 میں ہرارے میں 94 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
Comments are closed.