پاکستان نے افغان نائب صدر امر اللّٰہ صالح کے الزامات مسترد کردیئے، اسپن بولدک میں افغان فورسز کی کارروائی سے متعلق ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان سر زمین پر کسی بھی کارروائی کو اس کا حق قرار دیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تمام انتظامات اپنے لوگوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کی سر زمین پر کیے گئے، ہم خود مختار افغان سرزمین پر کسی بھی ایکشن کے لیے خود افغان حکومت کےحق کو جائز تصور کرتے ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک فضائیہ نےاس حوالےسے افغان فضائیہ کے ساتھ کسی قسم کی پیغام رسانی نہیں کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان نائب صدر کے الزامات درست نہیں ہیں، ایسے الزامات افغان قیادت میں افغان عوام کی منشا کے مطابق مسئلہ کے حل کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں سے انحراف ہیں۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈی ٹریک کرنے والوں کی موجودگی کے باوجود پاکستان افغان امن کوششوں کی کامیابی کے لیے مدد کرتا رہے گا۔
Comments are closed.