بدھ 29؍شعبان المعظم 1444ھ22؍مارچ 2023ء

پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، کل پہلا روزہ ہوگا

پشاور: پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ گیا، جس کے مطابق کل پہلا روزہ ہوگا۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی شہادتیں  موصول ہوئی ہیں، لہٰذا رمضان المبارک 1444 ہجری کا چاند نظر آ گیا ہے اور اس لحاظ سے کل جمعرات کے روز پہلا روزہ ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ بہاولپور، رحیم یار خان، صوابی، قلعہ سیف اللہ اور مردان سے چاند کی شہادت موصول ہوئیں جس کے بعد متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں کل پہلا روزہ ہوگا۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے ملک بھر میں زونل کمیٹی کے اجلاس بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اوقاف ہال پشاور میں ختم ہوا تھا۔

قبل ازیں زونل کمیٹیوں کے اجلاس کراچی، لاہور، کوئٹہ اوراسلام آباد میں ہوئے جہاں رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کی اطلاع زونل کمیٹیوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو دیدی گئی تھی۔

You might also like

Comments are closed.