بدھ 29؍شعبان المعظم 1444ھ22؍مارچ 2023ء

اسلام آباد سمیت ملک کے طول و عرض میں شدید زلزلہ، 4 افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے 3 صوبوں اور دنیا کے مختلف ممالک میں 6.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں رات گئے تک 4 افراد کے جاں بحق ہونے اور 100 سے زائد کے زخمی ہونے کی اطلاعات مل چکی ہیں جب کہ  کئی عمارتوں میں دراڑیں بھی پڑ گئی ہیں اور سوات سمیت کچھ دیگر علاقوں میں کچھ مکانات منہدم ہوئے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 9 بج کر 47 اور 48 منٹ کے درمیان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ عالمی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کا مرکز افغانستان کوہ ہندو کش اور گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔

زلزلے شدت سے لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں ، دفاتر اور عمارتوں سے نکل آئے جب کہ پشاور کی مساجد میں اذانیں بھی دی گئیں۔ زلزلے کے وقت راولپنڈی کے بازاروں میں بھی بھگدڑ مچ گئی۔ اُدھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، کامرہ کینٹ، آزاد کشمیر سمیت کئی دوسرے علاقوں میں بھی زلزلے کے بعد شہری خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

علاوہ ازیں  لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، کوٹ مومن، مڈھ رانجھا، چکوال، ہٹیاں بالا، کوٹ ادو، شجاع آباد، کلور کوٹ، کالا شاہ کاکو، واں بچھراں، ڈسکہ، اوچ شریف، دریا خان ، ڈی جی خان، کوٹ ادو، لودھراں اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

فیصل آباد، منڈی بہاوالدین، شجاع آباد، کندیاں، سرائے مغل، اوکاڑہ، میانوالی، اٹھارہ ہزاری، چنیوٹ، ڈجکوٹ، سمندری، کمالیہ، گوجرہ، ماموں کانجن، بچیانہ اور دیگر شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پشاور، کوہاٹ، صوابی، کرک، پارا چنار، ڈی آئی خان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، گلگت بلتستان سمیت دیگر علاقوں میں بھی شہریوں نے زمین کی لرز کو محسوس کیا۔ اسلام آباد میں زلزلے کے جھٹکے رات 9 بج کر 47 منٹ پر محسوس کیے گئے، جو دس سے پندرہ سیکنڈ کے تھے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق ادارے اور رضاکاروں کو الرٹ کریدا گیا ہے جبکہ ملک کے کسی بھی علاقے یا شہر سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

بلوچستان کے علاقے مانجھی پور ،ڈیرہ اللہ یار اور جعفر آباد میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پی ڈی ایم اے نے زلزلے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اسپتالوں میں پیش گی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

اسلام اباد میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر اسلام آباد کے پولی کلینک اور پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے وفاقی اسپتالوں میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ وزیر صحت نے ہدایت کی کہ عملہ اور اسپتال کی انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کو یقینی بنائیں۔

طبی ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص بھی جاں بحق ہوا جب کہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔ مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں زلزلے کے دوران خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔

اس کے علاوہ سوات کے علاقے مدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور  2 زخمی ہوئے۔ پولیس کے مطابق سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 50 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی بتایا ہے کہ الہ آباد سمیت مختلف شہریوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پاکستان کے علاوہ ترکمانستان، ہندوستان، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان اور کرغزستان میں محسوس کیے گئے۔

You might also like

Comments are closed.