اتوار24؍ربیع الثانی 1444ھ20؍نومبر 2022ء

پاکستانی پاسپورٹ پر بیرون ملک گرفتار غیر ملکیوں کیخلاف تحقیقات میں سست روی

پاکستانی پاسپورٹ پر بیرون ملک جانے والے گرفتار غیر ملکیوں کے خلاف متعلقہ پاکستانی اداروں کی تحقیقات سست روی کا شکار ہیں۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایک ایف آئی آر میں نامزد 16 پاسپورٹس کی تفصیلات پاسپورٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایف آئی اے کو ارسال کی تھیں۔

سدرن ڈائریکٹوریٹ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے مطابق 16 پاسپورٹس میں سے 12 پاسپورٹس کا ریکارڈ ہی موجود نہیں۔ آن لائن پاسپورٹ ٹریکنگ سسٹم کے مطابق یہ پاسپورٹس جاری ہی نہیں ہوئے۔ ایک پاسپورٹ بنوں جبکہ 3 قمبر شہداد کوٹ کے پاسپورٹ دفاتر سے جاری کئے گئے۔

مراسلہ کے مطابق جن پاسپورٹس کا ریکارڈ نہیں وہ مبینہ طور پر جعلی ہیں اور متعلقہ پاسپورٹ دفاتر سے جاری ہی نہیں ہوئے۔

16 پاسپورٹس کے ضمن میں 11 قومی شناختی کارڈز کا ریکارڈ بھی دستیاب نہیں ہے۔ مذکورہ پاسپورٹس کی ایف آئی آر سمیت درج دیگر مقدمات میں نادرا ریکارڈ کی فراہمی سست روی کا شکارِ ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے میں 7 ماہ میں درج متعدد مقدمات کے لیے درکار ریکارڈ نادرا کی جانب سے مبینہ طور پر موصول نہیں ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کا طلب کردہ ریکارڈ مبینہ مشتبہ شناختی کارڈز پر سفر کرنے والے مقامی اور غیرملکیوں کے حوالے سے ہے۔

چند ماہ میں کراچی ایئرپورٹ سے مشتبہ پاکستانی سفری دستاویزات پر کئی مسافروں کو گرفتارکیا جاچکا ہے۔ مشتبہ پاکستانی شناختی کارڈز اور پاسپورٹس پر سفر کےالزام میں غیرملکی بھی گرفتار ہیں۔

ذرائع کے مطابق غیرملکیوں کو مبینہ پاکستانی سفری دستاویزات سندھ اور بلوچستان سے جاری کی گئیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.