وفاقی وزير اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس نارمل تھا، اس میں کچھ بھی نہیں ہوا۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ لوگ اپنے حلقوں کے معاملات اٹھاتے ہیں اور ان پر بات ہوتی ہے، ہم کوئی بادشاہت میں تو نہیں رہ رہے۔
خیال رہے کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی جس سے متعلق ذرائع کا کہنا تھا کہ اس میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا۔
وزیر دفاع نے وزیراعظم سے کہا تھا کہ آپ کو وزیراعظم ہم نے بنوایا، خیبر پختونخوا میں گیس پر پابندی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ گیس اور بجلی ہم پیدا کرتے ہیں اور پس بھی ہم رہے ہیں، اگر آپ کا یہی رویہ رہا تو ہم ووٹ نہیں دے سکیں گے۔
پرویز خٹک کی گفتگو پر وزیراعظم اٹھ کر جانے لگے، اگر آپ مجھ سے مطمئن نہیں تو کسی اور کو حکومت دے دیتا ہوں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں ملک کی جنگ لڑ رہا ہوں کوئی ذاتی مفاد نہیں، میرے کارخارنے نہیں، میری کوششیں ملکی مفاد کی خاطر ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک آپ مجھے بلیک میل نہیں کر سکتے، میں آپ کو روز روز بلا کر ووٹ مانگ رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں ہر روز آئی ایم ایف سے کہہ رہا ہوں کہ ٹیکس کم کریں، میرے نہ تو کارخانے ہیں میرا کوئی کاروبار نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پرویز خٹک کو سخت جواب دیا اور کہا کہ سب کے سامنے آپ مجھے بلیک میل کر رہے ہیں، میں بلیک میل نہیں ہوں گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر آپ کی یہی بلیک میلنگ رہی تو اپوزیشن کو دعوت دے دیں وہ آ کر حکومت کر لیں۔
Comments are closed.